سلطان المناظرین حضور مشاہد ملت علیہ الرحمہ

محمد سلیم مصباحی قنوج
اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کی آبیاری کے لیے بے شمار علمائے کرام کو پیدا فرمایا جنہوں نے اپنے علم و تقویٰ کے نور سے جہاں کی تاریکی کو روشن اور مومنین کے قلوب کو منور فرمایا ہے۔لہذا انہیں تاریخ ساز شخصیات میں سے ایک نام شاہزادہ حضور شیر بیشہ اہلسنت، سلطان المناظرین حضرت علامہ محمد مشاہد رضا خان مصباحی حشمتی علیہ الرحمہ کا بھی ہے۔ جو ایک ممتاز عالم دین، بے مثال مقرر، باکمال مبلغ اور بلند پایہ محقق تھے۔ علم و حلم، زہد و تقوٰ اور فکر و بصیرت میں مثال آپ تھے۔
نام و نسب:
حضور مشاہد ملت علیہ الرحمہ کا پیدائشی نام محمد، تاریخی نام مختار علی، اور مشاہد رضا خان سے مشہور ہیں، کنیت ابو المظفر، لقب افقہ الفقہاء،اعلم العلماء،تاج الاذکیاء،مظہر شیر بیشہ اہلسنت، مشاہد ملت، سلطان المناظرین، عوام و خواص میں بڑے بھیا سے مشہور تھے۔
آپ کا سلسلہ نسب یہ ہے: مشاہد ملت محمد مشاہد رضا خان ابن مظہر اعلی حضرت شیر بیشہ اہلسنت محمد حشمت علی خان ابن ابو الحفاط محمد نواب علی خان ابن محمد حیات خان ابن سعادت خان ابن محمد خان علیہم الرحمتہ والرضوان۔
ولادت باسعادت:
حضور مشاہد ملت علیہ الرحمہ کی ولادت باسعادت جمادی الاخری 1351ھ محلہ حشمت نگر پیلی بھیت شریف میں ہوئی۔
خاندانی حالات:
حضور مشاہد ملت علیہ الرحمہ کے مورث اعلی محمد خان افغانستان کے علاقہ درئہ خیبرسے ہندوستان آئے وہاں کے قبیلہ آفریدی کے آفندی خاندان سے تعلق تھا حکومت کی جانب سے امیٹھی ضلع لکھنؤ میں جاگیر ملنے کی وجہ سے امیٹھی میں سکونت اختیار کی 1857ء کے غدر سے یہ خاندان بھی متاثر ہوا چنانچہ لکھنؤ میں یہ خاندان آباد ہوا 1340ھ میں حضور مظہر اعلیٰ حضرت شیر بیشہ اہلسنت علیہ الرحمہ نے پیلی بھیت شریف کو اپنا مستقل مسکن بنایا اس طرح یہ خاندان پیلی بھیت میں آباد ہو گیا۔
ابتدائی تعلیم و تربیت:
حضور مشاہد ملت علیہ الرحمہ کی رسم بسم اللہ خوانی عمر مسنون میں بڑے تزک و احتشام کے ساتھ ادا ہوئی۔ پھر ابتدائی تعلیم گھر پر ہوئی۔
اعلیٰ تعلیم:
حضور مشاہد ملت علیہ الرحمہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے دارالعلوم اشرفیہ مصباح العلوم مبارکپور اعظم گڑھ تشریف لے گئے اور وہیں دستار فضیلت سے نوازے گئے۔
اساتذہ کرام:
حضور مشاہد ملت علیہ الرحمہ کے چند اساتذہ کرام جن کے زیر درس میں خصوصاً اکتساب علم فرمایا۔ (1) والد گرامی حضور شیر بیشہ اہلسنت مفتی حشمت علی خان علیہ الرحمہ (2) حضورحافظ ملت علامہ شاہ عبد العزیز محدث مرادآبادی علیہ الرحمہ (3) حضرت علامہ مفتی عبد الروءف صاحب بلیاوی علیہ الرحمہ (4) حضرت علامہ مفتی جہانگیر احمد خان صاحب علیہ الرحمہ (5) حضرت مفتی عبد المنان صاحب اعظمی علیہ الرحمہ
نکاح مبارک:
حضور مشاہد ملت علیہ الرحمہ کا نکاح مبارک 20 رجب المرجب 1378ھ مطابق 30 جنوری 1959ء بروز جمعہ کو ہوا۔
اولاد امجاد:
حضور مشاہد ملت علیہ الرحمہ کے تین صاحبزادے اور پانچ صاحبزادیاں تھیں۔(1) حشم الرضا مرحوم ساڑھے تین مہینے کی عمر پاکر فوت ہوئے۔(2) حضرت مولانا قاری محمد زرتاب رضا خان صاحب قبلہ۔(3) مولانا محمد برہان رضا خان۔
بیعت و خلافت:
حضور مشاہد ملت علیہ الرحمہ کو والد محترم حضور شیر بیشہ اہلسنت علامہ حشمت علی خاں علیہ الرحمہ سے خلافت و اجازت حاصل تھی۔ نیز شاہزادہ اعلیٰ حضرت حضور مفتی اعظم ہند علیہ الرحمہ سے بھی خلافت و اجازت حاصل تھی۔
درس و تدریس:
حضور مشاہد ملت علیہ الرحمہ حصول تعلیم کی تکمیل کے بعد باضابطہ طور پر کسی درسگاہ میں تدریس نہیں فرمائی۔ اکثر و بیشتر اپنے والد گرامی حضور شیر بیشہ اہلسنت علیہ الرحمہ کے ساتھ تبلیغی دور فرمایا کرتے تھے۔پھر اس کے بعد آستانہ عالیہ حشمتیہ میں دارالعلوم حشمت الرضا کا قیام فرمانے کے بعد اسی میں درس و تدریس کا کام کرتے رہے۔
وصال و مدفن:
حضور مشاہد ملت علیہ الرحمہ کا وصال 2 شوال المکرم 1419ھ مطابق 20 جنوری 1999ء بروز بدھ محلہ حشمت نگر ضلع پیلی بھیت شریف میں ہوا۔ آپ کا مزار پیلی بھیت شریف میں مرجع خلائق ہے۔