وقف ترمیمی قانون سے مدارس اور مساجد پر خطرات کے تلوار لٹکتی رہے گی۔:- مفتی جاوید قاسمی

جمعیت علماء ارریہ کی ممبرسازی مہم کے تئیں مدرسہ اسلامیہ یتیم خانہ ارریہ میں مشاورتی میٹنگ کا انعقاد۔
ارریہ:- (مشتاق احمد صدیقی ) جمعیت علماء ہند (م) کی ممبرسازی مہم کے پیش نظر ارریہ ضلع جمعیت کے اراکین اور بلاک سطحی صدور و سکریٹری حضرات کی ایک مشاورتی میٹنگ صوبائی صدر مفتی جاوید اقبال قاسمی کی صدارت اور ضلع جمعیت کے جنرل سکریٹری مفتی محمد اطہر القاسمی کی نظامت میں جامع مسجد یتیم خانہ ارریہ میں منعقد ہوئی۔ مشاورتی میٹنگ کا بابرکت آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، اس کے بعد مہمان خصوصی اور صدر جمعیت علماء بہار مفتی جاوید اقبال قاسمی نے جمعیت علماء ہند کی تاریخی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت ملک بھر میں قائم مدارس ومساجد اور خانقاہ و قبرستان کے تحفظ پر وقف ترمیمی قانون کے پاس ہوجانے سے سخت خطرات لاحق ہوگئے ہیں، کیونکہ یہ قانون متعدد اصولوں کے خلاف ہے اور ہر پہلو خامیوں سے پر ہے، اس لئے اس کے خلاف جمعیت علماء ہند ہر طرح کی قربانیاں پیش کرنے کو تیار ہے، مستقبل قریب میں مرکزی دفتر دہلی میں مجلس عاملہ کی میٹنگ ہوگی اور اگلا لائحہ عمل طے کیا جائے گا کہ رام لیلا میدان میں پورے ملک کا اجتماع کیا جائے یا جیل بھراجائے۔ اس سے قبل شرکاء مجلس کو میٹنگ کے اغراض ومقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے ضلع جنرل سیکریٹری مفتی محمد اطہر القاسمی نے کہاکہ جمعیت علماء ہند کے دستور کے مطابق اگلے ٹرم کے لئے ملک بھر میں ممبر سازی مہم چل رہی ہے، جمعیت علماء بہار کی ہدایت کی روشنی میں یہاں ضلع ارریہ میں بھی رمضان المبارک سے قبل اس سلسلے میں میٹنگ منعقد ہوئی تھی لیکن رمضان المبارک کی وجہ سے کام نہیں ہوسکا اب ان شاءاللہ بطورِ تحریک ضلع کے تمام بلاک کے ذمےداران کی مشترکہ کوششوں سے زمینی سطح پر مسلمانوں کو ملک کی صدسالہ تنظیم جمیت علماء ہند کی ممبر شب دلاکر جمعیت کو مضبوط و مستحکم کیا جائے۔ مفتی اطہرالقاسمی نے مزید کہا کہ ملک کے طول وعرض میں جمعیت علماء ہند کے ایک کروڑ ممبر ہیں، چونکہ اس جمہوری ملک میں سروں کی گنتی ہوتی ہے اس لئے قائد جمعیت حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صدر جمعیت علماء ہند کی خواہش ہے کہ ملک کے موجودہ ماحول میں اس کے ممبران کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور کم ازکم چار کروڑ ممبر بنائے جائیں تاکہ ملک و ملت کے مسائل کو جب جمعیت اٹھائے تو مزید مستحکم و مضبوط آواز بن کر ابھرے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت ہیٹ کرائم کا مسئلہ زوروں پر ہے اس لئے جمعیت علماء ہند نے اس موضوع پر ہیٹ کرائم برانچ قائم کیا ہوا ہے اور جلد ہی کشن گنج میں اس حوالے سے تربیتی کمیپ لگایا جائے گا۔ جس میں ارریہ کے علماء بھی شرکت کریں۔ جمعیت علماء بلاک پوٹھیا کشن گنج کے سکریٹری قاری جاوید نے کہا کہ ممبر سازی کے لئے اپنے اپنے بلاک کی بڑی مساجد میں اعلانات کے ذریعے ذہن سازی کریں پھر ذمہ داران کے ذریعے ممبر سازی کریں۔ اخیر میں ضلع صدر ڈاکٹر عابد حسین نے کہاکہ تمام اراکین ممبر سازی مہم کو پوری تندہی سے کامیاب بنائیں اور ساتھ ہی وقف ترمیمی قانون پر جمعیت علماء ہند کے اعلان کا انتظار کریں اور اسی کی ہدایت کے مطابق عمل پیرا ہونے کی کوشش کریں۔ اس مشاورتی میٹنگ میں ضلع ارریہ سمیت تمام بلاک کے اراکین اور عہدیداران نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی، جن میں سرپرست جمعیت مولانا نسیم الدین شمسی، نائبین صدور مولانا محمد فاروق مظہری، مولانا شاہد عادل قاسمی، مفتی ہمایوں اقبال ندوی، مولانا مصور عالم ندوی، جوائنٹ سکریٹری مولانا محمد فیروز نعمانی، مولانا اکبر صادق ندوی، مولانا محمد عمر فاروق قاسمی، مفتی محمد راغب قاسمی، مفتی عبد الجبار ندوی، مولانا آس محمد نعمانی ،مفتی محمد یعقوب ندوی ،مفتی مزمل مظاہری ،مولانا مشتاق مفتاحی، مفتی نعیم الدین ندوی، مفتی دلشاد احمد نعمانی ،قاری شہنواز عالم، مولانا اکرام نعمانی، مولانا ہلال احمد نعمانی، مولانا فیاض احمد راہی ،مولانا غیاث الدین ،الحاج محمد رئیس الدین اور حافظ محمد مبارک وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔