زنا شیطان کا محبوب ترین عمل ہے

مفتی محمد سلیم مصباحی قنوج
بلکہ تمام آسمانی مذاہب میں زنا کو بدترین گناہ اور جرم قرار دیا گیاہے۔ یہ پرلے درجے کی بے حیائی اور فتنہ و فساد کی جڑ ہے۔زنا شیطان کا پسندیدہ عمل ہے، لیکن اس وقت پوری دنیا نفس پرستی اور شہوت پرستی کے سیلاب سے متاثر ہو رہی ہے، ہر طرف بے حیائی اور عریانیت معاشرتی نظام کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اخلاقی اقدار دن بدن پامال ہورہے ہیں، گناہوں کی کثرت ہو رہی ہے اور زنا کاریاں عام ہوتی جارہی ہیں، جو کہ دنیا کی بدترین گناہوں میں سے ایک برا گناہ ہے اور دنیا کے تمام آسمانی مذاہب میں زنا کو مذموم اور لائق ملامت سمجھا گیا ہے۔ دور حاضر میں نوجوان بچے جس تیزی کے ساتھ شیطان کے بہکاوے میں آ کر زنا کی طرف آمادہ ہو رہے ہیں، یہ پورے معاشرے کے لیے ایک بڑے فساد کا سبب ہے، کیونکہ یہ ایک ایسا گناہ ہے کہ آخرت میں تو اس کی سزا ہر حال میں ملے گی، ساتھ ہی ساتھ دنیا میں بھی زنا کے نقصانات ظاہر ہونے لگتے ہیں۔
قرآنی فیصلہ زنا کے قریب بھی نہ جاؤ:
اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں زنا کی حرمت و خباثت کو بیان فرماتا ہے کہ: وَ لَا تَقْرَبُوا الزِّنٰۤى اِنَّهٗ كَانَ فَاحِشَةًؕ-وَ سَآءَ سَبِیْلًا،(سورہ بنی اسرائیل) ترجمہ کنزالایمان: اور بدکاری کے پاس نہ جاؤ بےشک وہ بے حیائی ہے اور بہت ہی بری راہ۔
تفسیرصراط الجنان:
{وَ لَاتَقْرَبُوا الزِّنٰى: اور بدکاری کے پاس نہ جاؤ۔} اس آیت میں دوسرے گناہ کی حرمت و خباثت کو بیان کیا گیا ہے۔ اور وہ ہے،زنا۔ اسلام بلکہ تمام آسمانی مذاہب میں زنا کو بدترین گناہ اور جرم قرار دیا گیاہے۔ یہ پرلے درجے کی بے حیائی اور فتنہ و فساد کی جڑ ہے۔ بلکہ اب تو ایڈز کے خوفناک مرض کی شکل میں اس کے دوسرے نقصانات بھی سامنے آرہے ہیں، جس ملک میں زنا کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے وہیں ایڈز پھیلتا جارہا ہے۔ یہ گویا دنیا میں عذاب الٰہی کی ایک صورت ہے۔ہے۔
زنا شیطان کا پسندیدہ عمل ہے:
زنا شیطان کا پسندیدہ عمل ہے۔ جیساکہ نبی کریمﷺ نے ابلیس کی گمراہ کن کاریوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:بے شک ابلیس اپنے لشکر کو زمین میں پھیلا دیتا ہے اور ان سے کہتا ہے کہ تم میں سے جو کسی مسلمان کو گمراہ کرے گا، میں اس کے سر پر تاج رکھوں گا پس ان میں جو سب سے زیادہ فتنہ پرور ہوتا ہے وہ ابلیس کے نزدیک سب سے زیادہ درجہ کے اعتبار سے قرب حاصل کرتا ہے۔اس کے بعد مختلف شیاطین آکر اپنے کارنامے ذکر کرتے ہیں اور وہ ان کو زیادہ اہمیت نہیں دیتا، یہاں تک کہ ایک شیطان آکر یہ کہتا ہے کہ میں مسلسل ایک آدمی کے ساتھ لگا رہا یہاں تک کہ وہ زنا کر بیٹھا،یہ سن کر شیطان کہتا ہے کہ تونے بہترین کام کیا، پس اس کو اپنے قریب کرتا ہے اور اپنا تاج اس کے سر پر رکھتا ہے۔ (الزواجر عن اقتراف الكبائر)
زنا کی مذمت احادیث میں:
زنا ایک بدترین گناہ کبیرہ ہے۔قرآن پاک میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے زنا کو ایک کھلی بے حیائی اور گھناؤنا عمل قرار دیا ہے۔حدیث مصطفیٰﷺ میں اس فعل کی اس طرح مذمت کی گئی ہے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، حضورﷺ نے ارشاد فرمایا: جب مرد زنا کرتا ہے تو اس سے ایمان نکل کر سر پر سائبان کی طرح ہوجاتا ہے، جب اس فعل سے جدا ہوتا ہے تو اس کی طرف ایمان لوٹ آتا ہے۔(ابوداؤد، کتاب السنّۃ، باب الدلیل علی زیادۃ الایمان ونقصانہ)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا: تین شخصوں سے اللہ تعالیٰ نہ کلام فرمائے گا اور نہ انہیں پاک کرے گا اور نہ ان کی طرف نظر رحمت فرمائے گا اور ان کے لیے دردناک عذاب ہوگا۔ (1) بوڑھا زانی۔(2)جھوٹ بولنے والا بادشاہ (3)تکبر کرنے والا فقیر۔ (مسلم، کتاب الایمان،باب بیان غلظ تحریم اسبال الازار والمنّ بالعطیۃ)
حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے مروی ایک طویل حدیث ہے، حضورﷺ نے ارشاد فرمایا: میں نے رات کے وقت دیکھا کہ دوشخص میرے پاس آئے اور مجھے مقدس سر زمین کی طرف لے گئے (اس حدیث میں چند مشاہدات بیان فرمائے ان میں ایک یہ بات بھی ہے) ہم ایک سوراخ کے پاس پہنچے جو تنور کی طرح اوپر سے تنگ ہے اور نیچے سے کشادہ، اس میں آگ جل رہی ہے اور اس آگ میں کچھ مرد اور عورتیں برہنہ ہیں۔ جب آگ کا شعلہ بلند ہوتا ہے تو وہ لوگ اوپر آجاتے ہیں، اور جب شعلے کم ہو جاتے ہیں تو شعلے کے ساتھ وہ بھی اندر چلے جاتے ہیں،(یہ کون لوگ تھے ان کے متعلق بیان فرمایا) یہ زانی مرد اور عورتیں ہیں۔( بخاری، کتاب الجنائز)
زنا کی عادت سے بچنے کے آسان نسخے:
زنا جیسی بری عادت سے محفوظ رہنے یا نجات پانے کے آسان نسخے حضورﷺ نے ارشاد فرمائے ہیں۔ چنانچہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا: اے جوانو! تم میں جوکوئی نکاح کی استطاعت رکھتا ہے وہ نکاح کرے کہ یہ اجنبی عورت کی طرف نظر کرنے سے نگاہ کو روکنے والا ہے اور شرمگاہ کی حفاظت کرنے والا ہے، اور جس میں نکاح کی استطاعت نہیں وہ روزے رکھے کہ روزہ شہوت کو توڑنے والا ہے۔(بخاری)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسول اکرمﷺ ارشاد فرمایا:بے شک عورت ابلیس کے تیروں میں سے ایک تیر ہے، جس نے کسی حسن و جمال والی عورت کو دیکھا اور وہ اسے پسند آگئی، پھر ا س نے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کی خاطر اپنی نگاہوں کو اس سے پھیر لیاتو اللہ تعالیٰ اسے ایسی عبادت کی توفیق عطا فرمائے گا جس کی لذت اسے حاصل ہوگی۔( جمع الجوامع،قسم الاقوال، حرف الہمزۃ)
زنا کے دنیوی اور اخروی نقصانات:
زنا ایک بدترین فعل ہے، اس سے دنیا اور آخرت میں بہت نقصانات ہوتے ہیں، احادیث کی روشنی میں اس کا جائزہ لیں۔
حضرت حذیفہ بن یمان سے مروی ہے کہ نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: اے مسلمانو! زنا سے بچو اس لیے کہ اس میں چھ نقصانات ہیں، 3 دنیا میں اور 3 آخرت میں۔ دنیا کے تین نقصانات یہ ہیں۔ 1-زنا کرنے والے کے چہرے کی رونق ختم ہو جانا۔ 2-مسلسل غربت۔ 3-عمر کا کم ہو جانا۔ آخرت میں پیش آنے والی تین چیزیں یہ ہیں۔ 1-اللہ کی ناراضگی۔2-برا حساب و کتاب۔3-دوزخ کی آگ میں ہمیشہ رہنا ۔(شعب الایمان)
نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: تم لوگ ضرور اپنی نگاہوں کی حفاظت کرو اور اپنے چہرے کو سیدھا رکھو، ورنہ تمہارے چہروں کو بے نور کر دیا جائے گا۔ زنا سے فقر و فاقہ اور مسکنت پیدا ہوتی ہے۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ آقاﷺ نے ارشاد فرمایا: جب حکمران ظلم کریں تو آسمان سوکھ جاتا ہے، جب زکوۃ روک لی جائے تو مویشی ہلاک ہوجاتے ہیں، جب زنا کاری پھیل جائے تو فقر وفاقی اور مسکنت عام ہو جاتی ہے، اور جب ذمہ توڑے جانے لگیں تو کافروں کو غلبہ دیا جاتا ہے۔ (مسند البزار)
زنا کرنے والوں کے لیے سخت ترین سزائیں:
حضرت ابو سعید خدری حضورﷺ کا یہ ارشاد نقل کرتے ہیں کہ جس رات مجھے معراج پر لے جایا گیا تو میرا گزر اللہ کی مخلوق میں سے بکثرت ایسی عورتوں پر ہوا جو اپنے پستانوں سے لٹکی ہوئی تھیں، اور ان میں بعض الٹے منھ اپنے پاؤں سےلٹکی ہوئی تھیں، اور ان کی سخت چیخ و پکار نکل رہی تھی،میں نے کہا،ائے جبریل،یہ کون لوگ ہیں؟ حضرت جبریل نے جواب دیا ، یہ وہ عورتیں ہیں جو زنا کرتی تھیں، اپنی اولاد کوقتل کرتی تھی اور اپنے شوہروں کے لیے دوسرے لوگوں سے وارث بنایا کرتی تھیں۔ (مساوی الاخلاق للخرائطی)
جہنم میں زنا کرنے والوں کی سخت بدبو ہوگی:
حضرت بریدہ سے موقوفا اور مرفوعا دونوں طرح سے مروی ہے کہ بے شک ساتوں آسمانوں و زمین اور پہاڑ سب بوڑھے زنا کرنے والے پر لعنت کرتے ہیں،اور بے شک نہ کرنے والوں کی شرم گاہیں اپنی بدبو سے سارے جہنمیوں کو تکلیف ہو جائیں گے۔ (مسند البزار)
زنا کرنے والوں کے چہرے پر آگ بھڑکے گی:
حضرت عبداللہ بن بسر حضورﷺ کا یہ ارشاد نقل کرتے ہیں کہ:بے شک زنا کرنے والے مرد وعورت کے چہرے آگ سے بھڑ کیں گے۔ (الترغیب)
زنا کرنے والے پر ازدھا مقرر ہوگا:
حضرت ابو قتادہ رضی اللہ عنہ حضورﷺ کا یہ ارشاد نقل کرتے ہیں کہ: جوشخص زنا کرنے کے لیےکسی ایسی عورت کے بستر پر بیٹھا جس کا شوہر نہ ہو اس پر قیامت کے دن ایک ازدھا مقرر کیا جائے گا ۔(طبرانی)