انجمن فروغ اردو کے ایک وفد نے کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات
وزیر اعلیٰ نے اردو اکادمی اور پرائمری اردو اساتذہ کی بحالی کی یقین دہانی کرائی
انجمن فروغ اردو (جھارکھنڈ) کے ایک وفد نے بدھ کو وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کے دولت کدہ پر خصوصی ملاقات کی اور مبارکباد دی۔ وہیں موصوف سے اردو کے حوالے سے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔یہ واضح رہے کہ انجمن فروغ اردو صوبائی سطح کی ایک رجسٹرڈ تنظیم ہے جس کے بنیادی مقاصد میں اردو کی ترویج و اشاعت شامل ہے۔یہ تنظیم صوبائی سطح پر اردو کے حوالے سے مختلف پروگرام منعقد کرتی ہے تاکہ بچوں میں اردو سے محبت پیدا ہو۔اس کے علاوہ میٹرک اور انٹر کی سطح پر توصیفی تقریب اس تنظیم کے بنیادی کام ہیں۔
ملاقات کے دوران انجمن فروغ اردو کے صدر محمد اقبال نے وزیر اعلیٰ کی توجہ اردو اکادمی پر دلائی۔ساتھ ہی پرایمری سطح پر اردو اساتذہ کی تقرری کی بات بھی کی۔وزیر اعلا نے یقین دہانی کرائی کہ بہت جلد اساتذہ تقرر کیے جائیں گے اور اکادمی کا قیام بھی عمل میں آئے گا۔انجمن فروغ اردو کے وفد نے وزیر اعلیٰ کو اردو کی چند کتابیں عنایت کیں۔ساتھ ہی شال اور مومنٹو دے کر انھیں مبارکباد بھی پیش کی۔وزیر اعلا سے ملاقات کرنے والوں میں انجمن فروغ اردو کے خازن محمد دانش ایاز،جنوبی چھوٹا ناگپور کے انچارج سرفراز امام،میڈیا انچارج محمد وسیم اکرم،سرفراز قادری،مکرم حیات،شعیب اختر وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔